ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / شیموگہ ضلع میں سیاحت اور صنعت کے شعبہ کو ترقی دی جائے گی:یڈی یورپا

شیموگہ ضلع میں سیاحت اور صنعت کے شعبہ کو ترقی دی جائے گی:یڈی یورپا

Wed, 17 Jun 2020 11:14:36    S.O. News Service

شیموگہ،16؍جون(ایس او نیوز)ضلع کے عوام کا دیرینہ خواب تھا کہ شیموگہ ضلع میں ایئرپورٹ تعمیر کیا جائے،اس کے تحت آج یہاں تعلقہ کے سوگانے دیہات میں ایئر پورٹ کی تعمیر کے لئے سنگ بنیاد رکھا جارہا ہے، ایئر پورٹ کی تعمیر سے ضلع اور آس پاس کے علاقوں میں سیاحت اورصنعت کے شعبہ کو ترقی ملنے کی توقع ہے۔ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ بی ایس یڈی یورپا نے کیا۔

انہوں نے شیموگہ ایئر پورٹ کے تعمیری کام کا بنگلور کے رہائشی دفتر کرشناسے آن لائن کے زریعہ سنگ بنیاد رکھنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ضلع میں کئی ترقیاتی وتعمیری کاموں کوآغاز کیا گیاہے۔ آبپاشی کے منصوبے،اسکولوں کیلئے بنیادی سہولتیں،پینے کے پانی کی فراہمی کے علاوہ رعیتا سمپرک کیندراؤں کا قیام عمل میں لایا جارہاہے اور اسمارٹ سٹی منصوبے کے کاموں میں بھی تیزی لائی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ شیموگہ۔شکاری پور ریلوے لائن کا تعمیری کام بھی جاری ہے۔

یڈی یو رپا نے کہاکہ شیموگہ نیشنل ہائی وے نئے ڈیویزن آفس کے قیام سے راستوں اور پلوں کی تعمیر میں تیزی لائی جاسکتی ہے۔سگندور کے قریب شراوتی پر پل کی تعمیر کا کام شروع ہونے سے ضلع کے عوام کا دیرینہ خواب پوراہوجائے گا۔وزیر برائے تعمیرات عامہ گووند کارجول نے کہاکہ یہ ایک تاریخی پروگرام ہے۔شیموگہ میں چیف انجینئر سنٹرل زون اور نیشنل ہائی وے ڈیوزنل آفس کے آغاز سے اس علاقے کے ترقیاتی اور تعمیری کاموں میں تیزی آئی ہے اور معیاری کام ممکن ہوسکتے ہیں۔

اس موقع پر منعقدہ اسٹیج پروگرام کا افتتاح ضلع نگران کار وزیر کے ایس ایشورپانے کیا اور کہاکہ ضلع میں ایئر پورٹ کی تعمیر سے علاقے میں زیادہ سے زیادہ صنعتوں کے قیام کی توقع ہے اور اس کے ذریعہ مقامی نوجوانوں کو روزگار کے مواقع بھی ملیں گے۔ رکن پارلیمان بی وائی راگھویندرانے کہاکہ پچھلے ایک سال کی میعاد میں پیش آئے کئی ٹیکنیکل پرابلمس کو حل کر تے ہوئے آج ایئر پورٹ کی تعمیر کے لئے سنگ بنیاد رکھا جا رہا ہے۔ضلع کی مجموعی ترقی کو ذہن میں رکھتے ہوئے کئی ترقیاتی کام شروع کئے گئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر کے بی شیوکمار نے خیرمقدمی تقریر کی۔ انہوں نے بتایا کہ تعمیری کام دو مرحلوں میں کیا جائے گا،پہلے مرحلے میں رن وے،ٹیکسی وے،ایپران،اپروچ روڈ،فری فیرل روڈاور کمپاؤنڈ وال تعمیر کی جائے گی۔دوسرے مرحلے میں ٹرمینل کی عمارت،اے ٹی سی ٹاور،فائیر اسٹیشن کی عمارت اور دیگر تعمیری کام کئے جائیں گے۔اس موقع پر رکن قانون ساز کونسل آینور منجوناتھ،پرسناکمار اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔رکن اسمبلی اگرا گنانیندرا، اشوک نائک، کماربنگارپا،ہرتال ہالپا،ضلع پنچایت صدر جیوتی ایس کمار،میئر سورنا شنکراور دیگر موجود تھے۔


Share: